قلم از: محمد فاروق برڑو قادری
اولیاء اﷲ کی جماعت کا ذکر خیر خالق کائنات نے اپنی لاریب کتاب میں فرمایا ۔ارشاد ربانی عزوجل ہے کہ اولئک الذین انعم اللّٰہ علیھم من النبیین والصدیقین والشھدآء والصالحین0 اس آیت کریمہ میں لفظ صالحین سے مراد اولیاء اﷲ ہیں ۔ان محبان خدا میں سے حضورشہنشاہ اولیاء ،زبدۃ العارفین ،شمس الکاملین حضرت سید علی بن عثمان ہجویری رحمۃ اﷲ علیہ کا نام مبارک خاص اہمیت کا حامل ہےجنہوں نے بر صغیر پاک و ہند کے ظلمت کدوں کو نورِ اسلام سے منور کیا اور اپنے قول و فعل سے حضور اکرم ﷺ کا اسوۂ حسنہ لوگوں کے سامنے پیش کیا ۔ان بزرگان دین میں سے حضرت سیدنا علی بن عثمان الہجویری رحمۃ اﷲ علیہ کی بھی ایک ذات ہے جن کو ہدیہ تبرک پیش کرنے کیلئے کتب تواریخ کی روشنی میں چند گذارشات پیش کرنے کی سعادت حاصل کرتے ہیں کیونکہ فرمان رسول اﷲﷺ ہے کہ ذکر الصالحین کفارۃ السیاٰت۔یعنی نیک لوگوں کے ذکر خیر سے گناہ معاف ہوتے ہیں ۔ایک دوسری جگہ فرمان مصطفےٰ ﷺہے کہ عند ذکر الصالحین تنزل الرحمۃ۔یعنی اولیاء کاملین کا ذکر خیر کرتے وقت اﷲ تعالیٰ کی رحمتوں کا نزول ہوتا ہے ۔
سلسلہ نسب: آپ حسنی سید ہیں ۔آپ کا سلسلہ نسب آٹھ واسطوں سے حضرت علی رضی اﷲ عنہ تک پہنچتا ہے ۔(از علامہ غلام سرور لاہور،(خزینۃ الاصفیاء 233)
ولادت داتا گنج بخش: حضرت سیدنا علی ہجویری المعروف بہ داتا گنج بخش رحمۃ اﷲ علیہ کی ولادت مبارک کے بارے میں تذکرہ نگاروں کی روایات درج ذیل ہیں ۔1۔آپ کی ولادت پانچویں صدی ہجری کے شروع میں ہوئی ۔2۔آپ کی ولادت 400ھ بمطابق 1010ء میں ہوئی۔3۔آپ 400ہجری میں پیدا ہوئے ۔ (مقالات دینی و علمی ، 223/1،بزم صوفیا101/1،صباح الدین عبد الرحمن)
سلسلہ طریقت: آپ کے مرشد حضرت ابو الفضل محمد بن حسن ختلی رحمۃ اﷲ علیہ ہیں ۔ان کا سلسلہ طریقت نو واسطوں سے حضرت علی رضی اﷲ عنہ سے جا ملتا ہے ۔آپ نے شیخ ابو الفضل محمد بن حسن ختلی کے علاوہ جن دیگر مشائخ سے فیض حاصل کیا اُن کے نام یہ ہیں ۔شیخ ابو القاسم گرگانی ،شیخ ابو سعید ابی الخیر،شیخ ابو القاسم قشیری ،شیخ ابوالعباس اشقانی۔(خزینۃ الاصفیاء232/1از علامہ غلام سرور لاہوری)
لقب:درست قرینہ یہ ہے کہ آ پ بر صغیر میں آمد کے ساتھ ہی اس لقب’’گنج بخش‘‘ سے مشہور ہو گئے تھے اور یہ شہرت تواتر سے صدیوں کا فاصلہ طے کرتی ہوئی آج تک پہنچی ہے چنانچہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی کا مشہور شعر جو زبان زد خلائق رہا ہے وہ یہ ہے ۔
گنج بخش فیض عالم مظہر نورِ خدا نا قصاں را پیرکامل کاملاں را رہنما (مقالات دینی و علمی )
تعلیم و تربیت اور سیاحت:آپ نے درج ذیل اساتذہ اور شیوخ سے تعلیم و تربیت پائی۔شیخ ابو القاسم عبد الکریم بن ہوازن القثیری ،حضرت ابو الفضل محمد بن حسن الختلی۔شیخ ابو جعفر محمد بن المصباح الصید لانی ۔ آپ نے زندگی کا زیادہ تر حصہ علمی و روحانی غرض سے سیاحت میں گذارا ۔اکابر اولیاء کرام کی زیارت کی اور ان سے فیض اٹھایا مثلاً عراق، شام، بغداد، پارس، طبرستان، خوزستان، کرمان ،طوس اور حجاز کا سفر کیا ۔صرف خراسان میں آپ نے تین سو مشائخ سے ملاقات کی ۔ حضرت شیخ ابو الحسن سالبہ شیخ ابو اسحاق شہریار اور خواجہ احمد حمادی سر خسی اور شیخ احمد نجار سے بہت متاثر ہوئے ۔(نزہۃ الخواطر،کشف المحجوب 40)
تاجدار مرکز الا ولیاء کی شادی:آپ کی دو شادیاں والدین نے کی تھیں پہلی بیوی کی وفات کے بعد گیارہ سال تک علائق زاوج سے بچے رہے پھر دوسری شادی کی مگر ایک سال بعد یہ بیوی بھی فوت ہو گئی ۔(سوانح حیات علی ہجویری 24 تا 25از محمد دین فوق)
حضرت داتا گنج بخش کی تعلیمات:حضرت سید علی بن عثمان ہجویری رحمۃ اﷲ علیہ المعروف بہ داتا گنج بخش علم و فضل میں مجتہدانہ شان رکھتے تھے ۔وہ صاحب صحو، صاحب مقام اورصاحب مسلک صوفی تھے اور تصوف کے مدونین فن میں ان کا نام امام قشیری اور عبد الرحمن سلمی رحمۃ اﷲ علیہ کے بعد امام محمد غزالی اور شیخ عبد القادر جیلانی رحمہ اﷲ علیہ سے پہلے آتا ہے ۔لہٰذا ان کی تعلیمات کا سر چشمہ ان کی کتب کشف المحجوب اور کشف الاسرار جو کہ نہایت اہمیت کی حامل ہیں ۔حصول برکت کے لئے اور نزول رحمت کے لئے آپ کی تعلیمات میں سے چند فقرات اپنے معزز قارئین کرام کی تنویر بصیرت کے لئے درجہ ذیل ہیں چنانچہ یہ تعلیمات کشف المحجوب اور کشف الاسرار سے ماخوذ ہیں ۔٭نفس کی مخالفت سب عبادتو ں کا اصل اور سب مجاہدوں کا کمال ہے ۔٭ عارف عالم بھی ہوتا ہے مگر ضروری نہیں کہ عالم بھی عارف ہو۔٭فقر کی معرفت کے لئے سیر دنیا سے بہتر کوئی ذریعہ نہیں۔٭ بندہ کے لئے سب چیزوں سے زیادہ مشکل خدا کی پہچان ہے ۔٭دنیا کے ساتھ (ہاتھ ،پاؤں ،آنکھیں) جو بظاہر دوست نظر آتے ہیں در اصل تیرے دشمن ہیں ۔(سوانح حیات علی ہجویری ؒ)
تصانیف حضرت داتا گنج بخش:حضرت سید علی بن عثمان ہجویری رحمۃ اﷲ علیہ ایک بڑی مصنف تھے اور شعر بھی کہتے تھے ۔ ان کی بعض تصانیف کے نام یہ ہیں مگر ان کا نام جس سدا بہار کتاب کی بنا ء پر زندہ ہے وہ کشف المحجوب ہے ۔(مقدمہ کشف المحجوب ژو کونسکی از محمد لوی عباسی)
تاجدار مرکز الاولیاء کا وصال باکمال :حضرت سیدنا علی بن عثمان جلابی ثم ہجویری رحمۃ اﷲ علیہ کے وصال شریف کے بارے میں مؤرخین میں اختلاف پایا جاتا ہے ۔چنانچہ سفینۃ الاولیاء میں حضرت دار شکوہ رحمۃ اﷲ علیہ حضرت داتا گنج بخش کا وصال باکمال 454ھ یا 464ھ ذکر کرتے ہیں ۔علامہ غلام سرور لاہوری رحمۃ اﷲ علیہ خزینۃ الاولیاء میں حضرت سیدنا علی بن عثمان ہجویری رحمۃ اﷲ علیہ کا تاریخ وصال 464ھ یا 466 ہے ۔اے ،آر نکلس مترجم کشف المحجوب کے نزدیک حضرت داتا گنج بخش کا وصال باکمال 465ھ یا 469 کو ہوا ۔
ﷲ تعالیٰ کی بارگاہ ایزدی میں دعا ہے کہ ہم سب کو اپنے مقبول بندوں کے نقش قدم پر چلنے اور دنیااور آخرت میں سرخروئی کی توفیق سعید مرحمت فرمائے ۔آمین! بجاہ سید المرسلین والنبین۔


